نواز شریف کی طبیعت سے زیادہ نیت خراب، وہ اردگان نہیں خورد بردگان ہیں: فیاض الحسن
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے وائس آف پنجاب وہ فورم ہے جہاں سے مستقبل کے مہدی حسن، نورجہاں اور عالم لوہار سامنے لائے جائیں گے۔ وہ سریلی آوازیں جو مواقع نہ ملنے سے گمنام ہی رہ جاتی تھیں اب ان کو گلی محلوں، چوراہوں سے نکال کر عوام کے سامنے لائیں گے۔ اب چاہے کوئی ریڑھی بان کا بچہ ہو یا کسی کلرک کا، اپنی گائیکی کے اظہار کا سب کو یکساں موقع دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا میں وائس آف پنجاب کے حوالے سے پاکستان ٹیلیویژن کے مابین ایک ایم او یو سائن کرنے کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا نواز شریف کے معائنے کیلئے بنائے گئے چوتھے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آنے کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ نواز شریف کی طبیعت سے زیادہ نیت خراب ہے۔ نواز شریف اور آل شریف موجودہ حالات میں ہر صورت این آر او لیکر پتلی گلی سے بیرون ملک نکل جانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف گزشتہ کئی برسوں سے عوام کو طیب اردگان کی مثال دے کر ٹینکوں کے نیچے لیٹ جانے کی بڑھکیں مارا کرتے تھے لیکن حالات نے ثابت کر دیا وہ اپنی خواہشات اور تعیشات کے آگے لیٹ گئے ہیں۔ ثابت یہ ہوا نواز شریف طیب اردگان نہیں بلکہ پاکستان کے خورد بردگان ہیں۔ نواز شریف نے خزانے میں کھربوں ڈالر کی کرپشن کرکے یہ ثابت کر دیا وہ خورد بردگان ہیں۔ چودھری منظور کی بات مان لی جائے تو اس سے صاف ظاہر ہے شہباز شریف آصف زرداری کو دھوکہ دے رہے ہیں اور زرداری شہباز شریف کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ زرداری اور شہباز شریف جو ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر چل رہے تھے اور اسمبلی میں ایک دوسرے کی بانہوں میں بانہیں ڈال کر آ رہے تھے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کو این آر او اور ڈیل لینے کیلئے استعمال کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کی کسی کے ساتھ کوئی ڈیل کوئی لینا دینا نہیں ہوا لیکن یہ باتیں کرکے یہ لوگ خود ہی اپنے آپ پر تنقید کر رہے ہیں کہ پچھلے 6 ماہ سے یہ پوری پاکستانی عوام کو بے وقوف بنا رہے تھے کہ ہم دونوں پارٹیز ایک ہیں اور ہم اکٹھے ہو کر جمہوریت اور اٹھارویں ترمیم کی خاطر بہت کچھ کریں گے لیکن یہ سب صرف ڈھونگ تھا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا مولانا فضل الرحمن ہمیشہ اصول کے نام پر وصول کی سیاست کرتے ہیں اور 73ءکے آئین کے تناظر میں 74 طرح کی کرپشن کرتے ہیں اور ان کے خودساختہ آئین کے اصولوں میں لوٹ مار، کرپشن، قبضہ مافیا اور اپنے اہل و عیال کو اقتدار کے عہدوں پر فائز کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی فائنل رپورٹ بارہ دن میں آ جائے گی اور اس رپورٹ کے مطابق ان 5 اہلکاروں کو اور ان کو آرڈر دینے والے افسران کو بھی سزا دی جائے گی۔
فیاض الحسن چوہان