فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا مکمل اجلاس پیرس میں، پاکستان کی رپورٹ پر غور کیا جائیگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا مکمل اجلاس 14سے 16فروری تک پیرس میں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے پیش کردہ ’’کنٹری اسیسمنٹ رپورٹ‘‘ پر غور کیا جائے گا۔ اس رپورٹ میں پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ اور دوسرے اہم مالی و مالیاتی امور پر ہونے والی پیشرفت اور جائزہ پیش کیا ہے تاکہ پاکستان ’’گرے لسٹ‘‘ سے باہر آسکے۔ اس رپورٹ میں وہ مجوزہ اقدامات بھی شامل ہیں جو پاکستان نے مئی 2019تک مکمل کرنا ہیں۔ جو اقدامات مکمل کئے گئے ہیں ان میں نیشنل ٹاسک فورس ان کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیررازم صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم کے محکموں کے قیام شامل ہیں۔ پاکستان نے 2019میں مزید اقدامات کرنا ہیں ان میں دہشتگردی کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہے کیش کی سمگلنگ کو روکنا، داعش، جماعت الدعوۃ اور دیگر ممنوعہ تنظیموں اور اداروں سے منسلک افراد کی نشاندہی کرنا شامل ہیں۔ اجلاس میں پاکستانی وفد بھی شریک ہوگا۔