• news

قنذو زمین بیس پر حملہ، جھڑپیں: 35 افغان فوجی، 22 طالبان ہلاک، متعدد زخمی

کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں طالبان کے حملوں اور جھڑپوں میں 35 افغان اہلکار 22 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ قندوز کے نزدیک افغان فوجی بیس پر طالبان نے حملہ کیا۔ حملے میں 25 افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔ افغان فورسز کی جوابی کارروائی میں 22 طالبان بھی مارے گئے۔ افغان حکام نے کہا ہے کہ طالبان نے فوجی بیس پر پیر کی رات حملہ کیا۔ بغلان میں طالبان نے افغان پولیس چوکی پر حملہ کرکے 11 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے پرتشدد کارروائی ایسے وقت پر کی گئی جب روس میں طالبان اور افغان رہنمائوں کے مابین امن مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ صوبائی کونسل کے سربراہ صفدر محسنی نے بتایا کہ بغلان مرکزی ضلع میں طالبان نے مقامی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور ان کے درمیان 2 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے حملے میں 5 افغان پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم حملہ آور اپنے ہمراہ اہلکاروں کا اسلحہ اور بارود ساتھ لے گئے۔ صفدر محسنی نے بتایا کہ طالبان نے پیر کی رات کو حملہ کیا اور چیک پوسٹ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن