• news

علیم خان سے اظہار یکجہتی : پنجاب میں سینئر وزیر کا عہدہ خالی رکھنے کا فیصلہ

لاہور(ندیم بسرا )پی ٹی آئی نے علیم خان کی گرفتاری کے بعد پنجاب میں نئے سینئر وزیرکا عہدہ خالی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ،علیم خان کی قانونی جنگ لڑنے کے لئے اور وکلاءکا پینل تیار کرنے کے لئے پی ٹی آئی نے خفیہ مشاورت کر لی ہے ،اس بارے میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے درمیاں خصوصی مشاورت کی گئی جس میں یہی فیصلہ کیا گیا ہے کہ عبدالعلیم خان کی وزارت کو کسی دوسرے وزیر کے سپرد نہیں کیا جائے گا ،یہ عہدہ عبدالعلیم خان کی رہائی تک وزیر اعلی پنجاب اپنے پاس رکھیں گے اور تمام معاملات کو وہ خود ہی دیکھیں گے تاہم اس میں مشاورت کے لئے وزیر قانون راجہ بشارت کو رکھا جا سکتا ہے ۔اس اقدام کا مقصد عبدالعلیم خان کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا ہے ،نیب کی گرفتاری کے بعد سینیر وزیر کا استعفی بھی وزیر اعلی کے پاس ہی رہے گا اس کو منظور کرنے کا اعلان نہیں کیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عبدالعلیم خان کے استعفی کو مثبت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ قانون و انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھا جائے گا ،نیب کے بارے میں کسی بھی قسم کے ریمارکس اور اس کیس کو ڈسکس نہیں کیا جائے گا ۔معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر وزیر کے لئے نام نہ تو مانگے گئے ہیں اور نہ ہی کسی نام پر غور کیا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر وزیر کے عہدے کو اس وقت تک خالی رکھا جائے گا جب تک احتساب عدالت سے عبدالعلیم خان کی ضمانت نہیں ہو جاتی ۔جیسے ہی ضمانت ہو جائے گی عبدالعلیم خان عہدے پر دوبارہ کام کرنا شروع کردیں گے ۔اگر کیس میں ضمانت نہ ہوئی تو اس کے بعد نئے ناموں پر غور ہوگا اور اس کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے اور اس کا اعلان وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے کروایا جائے گا ۔پی ٹی آئی کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کا نیا سینئر وزیر کون ہوگا اس کے لئے نہ تو کوئی دوڑ ہے اور نہ کسی کے نام پر غور کیا جارہا ہے ۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کی طرف سے تمام وزراءاور دوسرے عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عبدلعلیم خان کے حوالے سے کسی بھی قسم کی بیان بازی نہ کریں ۔ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عبدالعلیم خان کے وکلا ءکا پینل کا فیصلہ بھی پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کررہی ہے تمام مشاورت کے بعد مکمل لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اظہار یکجہتی

ای پیپر-دی نیشن