• news

نیب نے سابق چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمرل (ر) احمد حیات کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکی منظوری دیدی‘ شاہد خاقان کل طلب

اسلام آباد (نامہ نگار) نیب نے سابق چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمرل ریٹائرڈ احمد حیات کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے سابق وائس چانسلر احسان علی اور سابق آئی جی ایف سی، سابق آئی جی پولیس ملک نوید خان کے خلاف انوسٹی گیشنز جبکہ آفیسرز آفیشلز، میاں رشید حسین شہید میموریل ہسپتال پبی نوشہرہ اور دیگر کے خلاف بھی انکوائری اور بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزمان پر مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر زمین کی الاٹمنٹ کرنے، گاڑیوں اور فیول کی خریداری کےلئے مختص فنڈز میں خو رد برد اور من پسند افراد کو قواعد کے برخلاف ٹھیکے دینے کا الزام ہے، قومی خزانے کو 41.66ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان کےلئے بھرپور کاوشیں کررہا ہے، میگاکرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں بدعنوانی کے 3ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کےلئے ”احتساب سب کےلئے“ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے بلکہ کرپشن فری پاکستان کےلئے بھرپور کاوشیں کررہا ہے۔ نیب نے میگاکرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگاکرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب نے نہ صرف وائٹ کالر میگاکرپشن کے 1210مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں جن کی تقریباً مالیت 900ارب روپے ہے۔ نیب کی موجودہ قیادت نے گزشتہ تیرہ ماہ میں 590وائٹ کالر میگاکرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے ہیں۔ علاوہ ازیں (نیب) راولپنڈی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کل 8فروری کو طلب کرلیا ہے، شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو جمعہ کی صبح 11بجے راولپنڈی آفس میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
نیب ریفرنس

ای پیپر-دی نیشن