کرک : پک اپ تصادم کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی 6 خواتین سمیت 16 افراد زندہ جل گئے
کوہاٹ (این این آئی) کرک کے قریب انڈس ہائی وے پر تبی خواہ کے قریب مسافر کوچ اور ڈبل ڈور پک اپ کے درمیان خوفناک تصادم کے بعد فلائنگ کوچ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار 6خواتین سمت 16 مسافر زندہ جل گئے جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی صبح تقریباساڑھے نو بجے اس وقت پیش آیا جب مسافر فلائنگ کوچ ڈی آئی خان سے پشاور جارہی تھی کی مخالف سمت سے آنے والی ایک ڈبل ڈور پک اپ سے ٹکرا گئی۔ فوری طور پر حادثہ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم حادثہ کے باعث فلائنگ کوچ میں نصب سی این جی سلنڈر پھٹ گیا اور میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری کوچ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث کوچ میں سوار مسافر پھنس کر آگ کی زد میں آگئے اور چھ خواتین سمیت سولہ مسافر جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ آگ اتنی اچانک لگی کہ کسی کو جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا تاہم اطلاعات کے مطابق ڈرائیور سمیت دو افراد نے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طورپر جائے حادثہ پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور برتنوں میں پانی لاکر آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔ اس موقع پر فضا انتہائی سوگوار تھی اور ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں تھیں۔ بعدازاں سینکڑوں مقامی افراد نے مقامی انتظامیہ کے جائے حادثہ پر بر وقت نہ پہنچنے کے خلاف مشتعل ہوکر احتجاج کرتے ہوئے انڈس ہائی وے کو کئی گھنٹوں تک بلاک کئے رکھا جس کی وجہ سے انڈس ہائی وے پر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثہ