• news

پاکستان نے آخری ٹی 20 میچ 27 رنز سے جیت لیا، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

لاہور( نمائندہ سپورٹس )+سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں 27 رنز سے کامیابی حاصل کرلی اور ٹیم سیریز میں کلین سویپ سے بچ گئی۔سنچورین میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنی میں جنوبی افریقہ کے کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بابراعظم اور فخرزمان نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی لیکن یہ شراکت 24 رنز پر اس وقت گری جب بابرعظم 11 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنانے کے بعد مورس کی گیند پر ملان کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان کو دوسری پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے بھیج دیا گیا اور دونوں بلے بازوں نے سکور کو 47 رنز تک پہنچایا لیکن فخر زمان مزید آگے نہ بڑھ سکے اور 17 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم شعیب ملک اور رضوان نے سکور کو مزید آگے بڑھایا۔پاکستان کی تیسری وکٹ 89 رنز پر گری جب محمد رضوان 26 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، 92 رنز پر شعیب ملک بھی آوٹ ہوئے جنہوں نے 18 رنز بنائے تھے۔آصف علی نے 2 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے لیکن ہینڈرکس کے سامنے حسین طلعت 3، عماد وسیم 19 اور فہیم اشرف 4 رنز بنا سکے اور پویلین لوٹ گئے۔شاداب خان نے آخری لمحات میں 3 چھکوں کی مدد سے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کو ایک اچھے مجموعے تک پہنچایا جبکہ محمد عامر صفر پر آوٹ ہوئے تاہم شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر168 رنز بنا ئے۔شاداب خان نے آوٹ ہوئے بغیر 22 رنز بنائے۔ ہینڈرکس نے 4 ‘ کرس مورس نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 169رنز کے تعاقب میں شاہین شاہ آفریدی نے ریزا ہینڈرکس کو 5 رنز پر آوٹ کرکے پاکستان کو اہم وکٹ دلادی جس کے بعد عماد وسیم نے دوسرے اوپنر ملان کو 14 رنز پر آوٹ کردیا۔ڈوسن نے 41 رنز بنائے تاہم فہیم اشرف نے انہیں کپتان شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ کرادیا جبکہ دوسرے اینڈ سے کلاسان 2 اور کپتان ڈیوڈ ملر 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔شاداب خان نے ملر کو آوٹ کرکے بڑی کامیابی دلادی جس کے بعد فیلکوایو کو 80 کے مجموعے پر آوٹ کرکے جیت کو آسان بنادیا۔کرس مورس نے مشکل وقت میں وکٹ پر کھڑے ہو کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ہینڈرکس 3 اور جونیئر ڈالا 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کا سکور 129 پر پہنچا تھا تو سمپاملا بھی فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے۔کرس مورس نے ناقابل شکست 55 رنز بنائے اور تبریز شمسی نے آخری گیند تک ان کا ساتھ دیا تاہم مقررہ اوورز تک 9 وکٹوں پر 141 رنز بن سکے۔پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز میں پہلی کامیابی 27 رنز سے حاصل کی اور کلین سویپ سے خودکو بچالیا۔ شاداب خان کو میچ جبکہ ڈیوڈ ملر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا ۔ پاکستان نے حسن علی اور عثمان شنواری کی جگہ فہیم اشرف اور محمد عامر کو ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کیا۔ جنوبی افریقہ نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن