ویمنز کرکٹ: پاکستان، ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز ٹرافی کی تقریب رونمائی: پہلا مقابلہ آج ہو گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے بعد تین میچوں پر مشتمل ویمنز ون ڈے سیریز آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے سلسلے میں ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔، دوسرا مقابلہ اسی وینیو پر ہفتہ اور تیسرا پیر کو ہوگا۔ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ کراچی میں کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں مجموعی طور پر گرین شرٹس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آخری میچ جیتنے سے پلیئرز کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کا کمبی نیشن زیادہ بہتر ہے، ٹیم سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لئے پرعزم ہے، سپنرز ہماری اصل طاقت ہیں، پیسرز ایمن انور، ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اس شعبے میں مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں ۔ ون ڈے فارمیٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ سے مختلف ہے اور اس میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے ۔ دبئی میں پہلے بھی کھیل چکے ہیں اس لئے یہاں کھیلتے ہوئے کوئی پریشانی نہیں ہو گی ۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھ کر میدان میں اتریں گے ۔ ویسٹ انڈین کپتان سٹیفنی ٹیلر نے کہا کہ اچھی تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، مہمان پلیئرز اچھی فارم میں ہیں، سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس لئے انہیں آسان نہیں لیں گے ۔ ہماری کھلاڑیوں کا بھی کافی تجربہ ہے اور ون ڈے فارمیٹ مختلف ہے اس لئے نئی حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے ۔ کوشش کریں گے کہ ٹی ٹونٹی کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی حاصل کریں ۔