کلبھوشن کیس مس منیج ہونے کے باعث پاکستان سے باہر چلا گیا،علی امین گنڈا پور
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈاپور اس بات سے لاعلم نکلے کہ پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا کیس کس ملک میں چل رہا ہے اور کیس کی آئندہ سماعت کب ہو گی۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کے پاکستان سے چلے جانے کی میری بات کا مطلب یہ ہے کہ کلبھوشن یادیو کا کیس مس مینج ہوا ہے اور کیس پاکستان سے باہر چلا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا اللہ کرے کلبھوشن کو پھانسی ہو جائے مگر حق تو یہ تھا کہ ہم یہاں پر اسے پھانسی دیتے، کیوں کہ اس نے جرم پاکستان میں کیا تھا اور ہم نے سے گرفتار کیا تھا اور اس نے اعتراف کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف غدار ہے میں اس بات پر قائم ہوں۔ ایک سوال پر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کا کیس بین الاقوامی عدالت میں چلا گیا ہے۔ تاہم میزیان کی جانب سے پوچھا گیا کہ یہ عدالت کس ملک میں واقع ہے تو اس پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ آپ بتائیں۔ ایک اور سوال پر کہ کلبھوشن یادیو کے کیس کی آئندہ پیشی کب ہے تو علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ انہیں اس کا علم نہیں۔
علی امین کنڈا پور