کرپشن کا الزام : نیب نے سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کو گرفتار کر لیا
لاہور+اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے+نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ ن کے رہنما کامران مائیکل کوکرپشن کے الزام میں گزشتہ روز لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔ نیب ترجمان کے مطابق کامران مائیکل پرکے پی ٹی میں غیر قانونی طورپر3 کمرشل پلاٹ لینے کا الزام ہے۔ کامران مائیکل نے 2013 میں افسران پرغیرقانونی الاٹمنٹ کے لئے دباو¿ ڈالا اور پلاٹوں کے عوض بھاری رشوت وصول کی۔ ترجمان نیب کے مطابق کامران مائیکل پر ایک ارب 50 لاکھ کی کرپشن کا الزام ہے، کامران مائیکل پراسی طرح کے 16 پلاٹس سے متعلق ریفرنس بھی فائل ہو چکا ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کیخلاف ریلوے میں مہنگے داموں 55 لوکومو ٹیوز انجن خریدنے کے معاملے پر جیل میں تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے ریلوے میں مہنگے داموں 55 لوکو موٹیوز انجن خریدنے کے معاملے پر سعدرفیق سے جیل میں تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں جلد ہی احتساب عدالت میں درخواست کی جائےگی۔ ذرائع نے بتایا کہ سعد رفیق نے بطور وزیر ریلوے 55 لوکو موٹیوز انجن مہنگے داموں خریدنے کی منظوری دی تھی، 55 میں سے صرف 10 لوکوموٹو انجن استعمال میں ہیں جبکہ 45 لوکوموٹیو انجن اضافی خریدے گئے جس کی وجہ سے اضافی لوکوموٹیوز خریدنے سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
کامران گرفتار