خشوگی کو سعودی حکام نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا‘ تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالیں: اقوام متحدہ
نیویارک (این این آئی+ نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خشوگی کو سعودی حکام نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔ عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق خشوگی کے قتل کی تحقیقات کے لیے ترکی جانے والے تین رکنی انکوائری کمیشن نے قتل کیس سے متعلق آڈیو ثبوت کا جائزہ لیا۔ مشن میں شامل نمائندہ خصوصی اقوام متحدہ اگینز کلیمرڈ نے کہا سعودی اہلکاروں نے جمال خشوگی کو پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت وحشیانہ انداز میں قتل کیا۔ اگنیز کا مزید کہنا تھا استنبول میں دوران تفتیش جمع کیے گئے شواہد سے بادی النظر میں یہ پیشہ ورانہ بد اعمالی کا کیس ہے جبکہ سعودی عرب نے ترکی کی تحقیقات میں رخنے بھی ڈالے تاہم تقریباً 4 ماہ بعد بھی جمال خشوگی کی نعش نہیں مل سکی ہے۔ ماورائے عدالت قتل کی تفتیش کے ماہر اگینز کا مزید کہنا تھا خشوگی کا سفاکانہ قتل ان کے پیاروں کے لیے ناقابل یقین صدمہ ہے جس کے عالمی سطح پراثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے معاملے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ ادھر نیویارک میں قائم کارپوریٹ معاملات کی تحقیقات کرنے والی ایک فرم کرال نے سعودی صحافی کے قتل کیس سے متعلق عام طور پر استعمال کیے جانے والے شواہد کو چیلنج کیا ہے اور ان پر اپنے اعتراضات اٹھائے ہیں۔