اٹھارہویں ترمیم پر ڈاکہ پڑتا نظر آ رہا ہے‘ اب کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دینگے‘ ہم لڑیں گے : زرداری
ٹنڈو آدم (نا مہ نگار/ نوائے وقت رپورٹ+آن لائن ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے اٹھارویں ترمیم پر ڈاکہ پڑتا نظر آ رہا ہے۔ ہم لڑتے رہیں گے، اپنا حق لینے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ ٹنڈو آدم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں نے الیکشن کے وقت کہا تھا ان کا جو ڈھونگ نظر آ رہا ہے یہ اٹھارویں ترمیم پر ڈاکہ نظر آ رہا ہے۔ یونیورسٹیز تو وہ لے گئے، اب سول ایوی ایشن کو بھی لے جا رہے ہیں۔ اب ہم کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے، ہم لڑیں گے۔ انہوں نے کہا ہمیں غریبوں اور دھرتی کی فکر ہوتی ہے انہیں محلوں کی فکر لگی رہتی ہے۔ہماری ان سے جنگ پاکستان کے وسائل کیلئے ہے۔ اب سول ایوی ایشن ہیڈکوارٹر کو بھی اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ سول ایوی ایشن کی اسلام آباد منتقلی کے بعد تمام نوکریاں بھی ان کے پاس آ جائیں گی۔ پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا۔ ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان حاصل کیا گیا۔ ہمیں غریبوں اور دھرتی کی سوچ ہوتی ہے انہیں محلوں کی سوچ ہوتی ہے۔ سندھ نے 88ءکے بعد بہت ترقی کی اب اور آگے بڑھنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اچھا کام کیا ہے۔ محترمہ شہید کے قول پر چلتے رہیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں نے بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آئے تو اسی پیسے سے ہم نے ملک چلایا ملازمین اور پینشنرز کی تنخواہیں ڈبل کیں تو اب پیسہ کہاں جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ان سے ملک نہیں چلے گا ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے راستے پر چلتے ہوئے ملک دشمنوں سے لڑینگے سندھی، پختون ، بلوچ ،پنجابی ہمارے ساتھ ہیں ہم ملک کی حفاظت کرینگے ملک کو آگے بڑھنا ہے انہوں نے کہا سید مراد علی شاہ کی کارکردگی بہترین رہی ہے سندھ ترقی کر رہی ہے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، سینیٹر ملک امام الدین شوقین ،سابق سینیٹر عاجز دھامرہ نے بھی خطاب کیا جلسے سے قبل آصف علی زرداری نے الحاج سلیمان روشن میڈیکل کالج کاافتتاح کیا ۔آن لائن کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا نیا بنگلہ دیش نہیں بننے دینگے تماما صوبے ہمارے ساتھ ہیں، یہ پاکستان کے وسائل کی جنگ ہے اور ہم یہ جنگ لڑتے رہیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد سوچی سمجھی سازش کے تحت خون ریزی کی گئی اور بنگلہ دیش بنایا گیا مولانا عبدالکلام آزاد30برس قبل پلان بنائے بیٹھے تھے پاکستان کو توڑنا ہے اور بعد میں بنگلہ دیش بنا لیکن اب کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے ۔ انہوں نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح میرے بزرگوں کے سکول میں پڑھے انہوں نے مذاکرات سے پاکستان حاصل کیا۔ سندھی میں تقریر اس لئے نہیں کرتے کیونکہ سننے والوں کو سمجھ نہیں آتی۔ جنگ ہم کی ہم سے ہمارے وسائل پر ہے بلکہ پورے پاکستان کے وسائل پر ان سے جنگ ہے۔ ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہم نے بھی یہی بجٹ چلایا تھا اور سب کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا کیونکہ ہماری سوچ غریب عوام ہے۔ ہمیں عوام کی فکر ہے اور ان کو اپنے محلات کی فکر ہے 1988ءکے بعد سندھ بہت ترقی کر چکا ہے۔ یہ بیوقوف ہیں، ان کی ٹانگیں ڈگمگا رہی ہیں ہم نے ججز ، فوج، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اسی بجٹ میں 100فیصد اضافہ کیا، ہم اپنے حق کیلئے لڑیں گے ۔ اس حق میں پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ ، خیبر پی کے اور بلوچستان ساتھ ہیں۔
آصف علی زرداری