• news

عثمان بزدار کی اہلخانہ کیساتھ روضہ رسول پر حاضری‘ لاہور میں عام مسافروں کی طرح بورڈنگ کارڈ لیا

لاہور+ مدینہ منورہ (نیوزرپورٹر+ آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اہلخانہ کے ساتھ مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل بھی ادا کئے۔ قبل ازیں عثمان بزدارہفتے کو عمرہ کی ادائیگی کیلئے لاہور سے سعودی عرب چلے گئے تھے وزیراعلیٰ بغیر پروٹوکول علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ اور پروٹوکول کے بغیر دیگر مسافروں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہو کر بورڈنگ کارڈ لیا۔مسافروں نے وزیراعلیٰ کو قطار میں کھڑے دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ سے ہاتھ ملایا اوران کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے اور اپنی فیملی کے عمرے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے ہیں۔ سرکاری خزانے میں دورے پر خرچ نہیں ہوا علاوہ ازیں عثمان بزدار نے پرنسپل انفارمیشن آفیسر میاں جہانگیر اقبال کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن