• news

وزیراعلیٰ سندھ نے ارشاد رانجھانی قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیدیا

کراچی (نوائے وقت نیوز+آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ارشاد رانجھانی کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کیس کی عدالتی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو ایک خط لکھیں جس میں ارشاد رانجھانی کے قتل کی جوڈیشل انکوائری کرانے کی درخواست کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ واضح رہے کہ ارشاد رانجھانی کو 6 فروری کو بھینس کالونی کے یونین کائونسل چیئرمین نے بھرے بازار میں قتل کر دیا اور اس نے متاثرہ زخمی شخص کو اسپتال لے جانے بھی نہیں دیا تھا۔ ادھر مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہوگی اگر لاہور قلندر اور کراچی کنگز پی ایس ایل کا فائنل میچ کراچی میں کھیلیں وہ ہفتہ کو پاکستان سپر لیگ 2019ء کے ایک وفد جس کی سربراہی لاہور قلندر کے اونر فواد رانا کر رہے تھے سے ملاقات کے فوراً بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے فواد رانا نے اپنی ٹیم کی آفیشل ٹی شرٹ جس پر نمبر ایک مراد علی شاہ درج تھا وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کا پی ایس ایل کو پاکستان بالخصوص کراچی لانے کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن