حوثی باغی جنگ بندی کے معاہدہ پر عمل درآمد نہیں کررہے: یمنی سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں یمن کے سفیر نے کہا ہے کہ یمن میں اقوام متحدہ کی کوششوں سے حال ہی میں جو جنگ بندی کا سمجھوتہ ہوا تھا اس پر حوثی باغی عملدرآمد نہیں کررہے ہیں۔ نوائے وقت سے ایک غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کوششوں کے باوجود باغی یمن میں افراتفری اور انتشار برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ وہاں امن ہو۔ یمنی سفیر نے کہا کہ بعض دوسرے ممالک بھی اکسا رہے ہیں اور انتشار پیدا کرنے میں ان کی معاونت کررہے ہیں۔ یمنی سفیر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مجوزہ دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔