• news

وزیراعظم نے ہیلی کاپٹر پر دریائے راوی کا نظارہ کیا ، سکیورٹی کے تحت انتظامات ، ہزاروں طلبہ کی شرکت ، ننکانہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلی ، بھنگڑے جھلکیاں

ننکانہ صاحب، موڑ کھنڈا ( نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے ہیڈ بلوکی میں قبضہ گروپ سے واگزار کرائی گئی زمین پر پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کرنے کے لئے بذریعہ ہیلی کاپٹر جلسہ گاہ پہنچے انہوں نے ہیلی کاپٹر پر چکر لگا کر دریائے راوی کا بھی نظارہ بھی کیا، جبکہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور وزیراعظم سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل اپنے ہیلی کاپٹر میں جلسہ گاہ آئے۔ جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لئے انتظامیہ نے بڑے سخت انتظام کر رکھے تھے اور موڑ کھنڈا پھولنگر روڈ کو پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے مکمل طور پر بند کیے رکھا۔ کسی کو این آر او نہ دینے کے اعلان پرشرکاء نے تالیاں بجا کرعمران خان کو داد دی۔ جلسہ گاہ میں سکھ کمیونٹی کے نمائندہ افراد نے بھی نہ صرف شرکت کی بلکہ سکھ بچوں اور بچیوں نے ملی نغمی شکریہ پاکستان گا کر سما باندھ دیا اور وزیراعظم نے بچوں کو بھرپور داد دی۔وزیراعظم پروٹول کے لئے آنے والی گاڑیوں کی بجائے پیدل اسٹیج تک آئے ۔ بابا گورونانک یونیورسٹی کے قیام کے اعلان پر شرکاء کئی منٹ تک خصوصاً طلباء تالیاں بجاتے رہے۔ ہیلی پیڈ پر صوبائی وزیر جنگلات، گورنر پنجاب ، صوبائی وزیر قانون ، صوبائی وزیر صحت ، قومی اسمبلی کے رکن بریگیڈئیر (ر) اعجازاحمد شاہ اور دیگر وزرا نے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ ضلع ننکانہ صاحب کے ہزاروں طلباء نے تقریب میں شرکت کی۔بلوکی (ننکانہ صاحب )میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 24سو ایکڑ رقبہ پر بابا گورونانک فارسٹ سمیت بابا گورونانک یونیورسٹی جلد بنانے کے اعلانات کی اطلاع ملتے ہی ننکانہ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت درجنوں نوجوان لڑکوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے شہر کا چکر لگایا عمران خان ، پیر اعجاز احمد شاہ زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ، پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، پنجابی سکھ سنگت کے چیئرمین سردار گوپال سنگھ چاولہ نے عمران خان اور پیر اعجاز احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اعجاز احمد شاہ بانی ضلع ننکانہ ہیں ہم تو پہلے ہی احسان مند ہیں مگر یونیورسٹی کی تعمیر سے ہماری آنے والی نسلیں بھی ان کے خاندان کی مشکور ہوں گی تحفظ حقوق شہریاں کے جنرل سیکرٹری عامر اقبال گجر نے ننکانہ پریس کلب کے صحافیوں سے کہا برگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ اسکے اہل تھے اور یہ ان کا حق بھی تھا جو عمران خان نے ادا کرکے ضلع بھر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن