خیبر پی کے کے وزراء کے رہائشگاہوںکی تزئین و آرائش کیلئے رقم میں 100 فیصد اضافہ
پشاور(بیورورپورٹ)مالی بحران کے شکار خیبر پی کے حکومت نے صوبائی وزراء کے گھروں کی تزئین و آرائش کی مد میں خرچ رقم میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے جس کے لئے صوبائی حکومت نے تما م تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں ،صوبائی حکومت وزراء کے گھر وں کی تزئین و آرائش کیلئے مختص رقم میں دوگنا اضافہ کے لئے کل صوبائی اسمبلی میں ممکنہ طور پر تنخواہوں ،الائونسز اور استحقاق کا ترمیمی بل پیش کیا جائیگا صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے مطابق بل تنخواہوں میں اضافے کے لیے نہیں بلکہ گھروں کی تزئین و آرائش کے الاؤنس میں اضافہ کے لیے پیش کیاجارہا ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے وزراء کی تنخواہوں، الاؤنسز اور استحقاق ایکٹ 1975 کا ترمیمی بل پیر کے روز اسمبلی میں پیش کیا جارہا ہے جس کے تحت ایکٹ کی دفعہ 8 ذیلی دفعہ 2 میں ترمیم کرتے ہوئے پانچ لاکھ سے اضافہ کرکے دس لاکھ روپے اضافے کی سفارش کی جارہی ہے۔