برطانوی بحریہ کا تباہ کن جہاز امن مشقوں میں شرکت کیلئے کرا چی پہنچ گیا
اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ) برطانیہ کی رائل نیوی کا ایک تباہ کن جہاز پاک بحریہ کے زیرانتظام امن 2019مشقوں میں حصہ لینے کیلئے کراچی پہنچ گیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشن کے مطابق جہاز کی پاکستان میں منعقدہ ایکسرسائیز میں شرکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے رابطے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور برطانوی جہاز کے افسروں نے مزار قائداعظم پر حاضری دی۔ پاک بحریہ کے سینئر افسر ان کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ برطانوی رائل نیوی کے جہاز کی مشقوں میں شرکت پاکستان اور برطانیہ کے قریبی تعلقات کی ایک علامت ہے۔ پاکستان اور برطانوی بحریہ کے درمیان تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ گزشتہ سال برطانوی بحریہ کے دو جہازوں نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ پاکستان اور برطانیہ میں سیاسی، دفاعی اور معاشی تعلقات ہیں۔ برطانیہ پاکستان کی دوسری بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے۔ اس موقع پر برطانوی جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے بھی خطاب کیا۔