عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں: سردار مسعود
مظفر آباد (این این آئی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے قومی شجر کاری مہم کو مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی مظالم کاشکار بچوں سے منسوب کرنے پر آزاد کشمیر کے محکمہ جنگلات کو مبارکباد دیتے ہوئے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جنگلات کے تحفظ و ترقی میں اپنا قومی اور عالمی فریضہ ادا کریں ۔شجرکاری مہم بہار 2019کے آغاز کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کی خوبصورتی،متعدل موسم اور قیمتی آبی وسائل جنگلا ت کے مرہون منت ہیں اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کی بہتری اور محفوظ مستقبل کیلئے موجودہ جنگلات کا تحفظ اور مزیدجنگلات کا اگانا نا گزیر ہے ۔جنگلات کو قدرت کا انمول عطیہ قرار دیتے ہو ئے صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ کرہ ارض پر ماحولیاتی عدم توازن کی ایک بڑی وجہ جنگلات کا تیزی سے کم ہونا ہے اسلئے یہ ہماری قومی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ انسانی زندگی کو لاحق خطرات کم کرنے کیلئے شجر کاری اور شجر پروری پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسر اور اہلکاروں ،عوام کو پودے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پودوں کیلئے موزوں زمین پودے کی خفاظت اور تیزی سے بڑھوتری جیسے تکنیکی معاملات میں بھی رہنمائی کریں تاکہ قومی وسائل کا درست استعمال یقینی بنایاجاسکے، صدر نے آزاد کشمیر کے سکولوں، کالجوں اور بالحضوص سرکاری جامعات کے طلبہ وطالبات،عوام الناس اور علما سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ آزاد کشمیر کو خوشحال اور سرسبزوشاداب رکھنے کیلئے شجر کاری مہم میں دل و جان سے حصہ لیکر اپنا ملی فریضہ انجام دیں۔