پیپلز پارٹی کو دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی: ندیم عباس کاظمی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت ) ن پیپلز پارٹی کے سٹی صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سید ندیم عباس کاظمی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو دبانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، اٹھارویں ترمیم پر پارٹی قیادت کا موقف دو ٹوک اور واضح ہے جس پر پیپلز پارٹی کو عوام کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے، تحریک انصاف کی حکومت عوام کے لئے وبال جان بن چکی ہے ہر طبقہ فکر حکومت کی کاکردگی سے نا خوش نظر آ رہا ہے اگر حکومت آئینی حدودوں سے تجاوز کرے گی تو مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اناڑیوں کی حکومت نے چھ ماہ میں جو حال کر دیا اس سے کسان، صحافی و دیگر مکاتب فکر کے لوگ خوش نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتقامی کاروائیوں سے مرعوب نہیں ہو گی ، قائد عوام شہیدذوالفقار علی بھٹو کے جیالے ہرجارحیت کا مقابلہ کرنے کی ہمت رکھتے ہیں ہماری قیادت نے ہر دور میں جبر و استبداد کا ڈٹ کر سامنا کیا، پاکستان کسی کی جاگیر نہیں بلکہ 22کروڑ عوام کا ملک ہے جس پر راج بھی عوام ہی کرے گی، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج تبدیل کرکے پی ٹی آئی کو عوام پر مسلط نہ کیا جاتا تو آج ملکی حالات یکسر مختلف ہوتے اور پیپلز پارٹی برسراقتدار آکر بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرچکی ہوتی اور عوام سکھ کا سانس لے رہے ہوتے۔