مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی‘ مزید 5 کشمیری شہید‘ مظاہرین پر شیلنگ‘ 12 زخمی‘ مظالم سے برف بھی لہو رنگ ہو گئی : پاکستان
سرینگر، اسلام آباد ، فرینکفرٹ (صباح نیوز،سپےشل رپورٹ، نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام نہاد آپریشن کے نام پر مزید 5 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ قابض بھارتی فورسز نے ضلع کولگام میں علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد 5 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ قابض بھارتی فورسز کی کارروائی کے خلاف سینکڑوں نہتے کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ قابض فورسز نے ایک مرتبہ پھر بربریت کا مظاہرہ کیا اور نہتے شہریوں پر پیلٹ گن کا استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں آج (پیر کو) مقبول بٹ کی برسی پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ حریت قیادت کا کہنا ہے کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم لیڈروں نے بڑی جدوجہد اور قربانیاں دیں، افضل گورو اور مقبول بٹ کی شہادت کشمیر کی تاریخ کا شاندار باب ہیں۔ کے پی آئی کے مطابق کولگام میں کارروائی بھارتی فوج کے راشٹریہ رائفلز، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی جانب سے مشترکہ طور پر کی گئی۔ بھارتی حکام نے ضلع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں۔ جنوبی کشمیر میں ریل سروس بھی بند کردی گئی۔ فوجیوں نے آپریشن کے دوران ایک مکان بھی تباہ کردیا۔ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ گن سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 5 نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی مظالم سے برف بھی لہو رنگ ہوگئی۔ بھارتی قابض فوج نے 5 کشمیری لڑکوں کو شہید کردیا۔ بھارت حواس باختہ ہوکر کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے۔ کولگام میں 5 معصوم کشمیری لڑکوں کی شہادت سفاک ترین عمل ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی فورسز انسانی اقدار اور ہر ضابطے کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین کی قیادت میں جرمنی میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیریوں کا بھرپور احتجاجی مظاہرہ جس میں سینکڑوں کشمیریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے گو مودی گو ،کشمیریوں کا قاتل مودی، بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو،کشمیر کشمیریوں کا ہے، ہے حق ہمارا آزادی ،جیسے فلک شفاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، اور بڑی تعداد میں آزادکشمیر کے قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ چوہدری محمد یاسین نے اپنے خطاب میںکہا کہ ہم دنیا بھرمیںہر جگہ بھارتی سفارتخانوں کے باہر مظاہرے کریں گے اور اقوام عالم کو بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی حقیقی تصویر پیش کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر