چین نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کےلئے پہلا مرحلہ مکمل کرلیا
اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) چین نے پاکستان کے ساحلی اور سمندری حدود میں تیل و گیس اور قیمتی معدنیات کی تلاش کیلئے بحری سروے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ حاصل کردہ نمونوں کی لیبارٹری میں سائنسی جانچ کے بعد سروے کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ پاک بحریہ کے ذرائع کے مطابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے گزشتہ دورہ چین کے موقع پر چینی قیادت سے کہا تھا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں اور قریبی سمندری حدود میں تیل و گیس اور معدنیات کی تلاش کیلئے سروے میں معاونت فراہم کی جائے۔ چین نے اس استدعا کو قبول کرتے ہوئے اپنا سروے شپ پاکستان بھجوایا جس نے پاکستان کے ساحلی علاقوں اور پانیوں میں عرق ریزی سے اپنا سروے مکمل کیا۔ واضح رہے کہ زیر آب اور زیر زمین معدنی وسائل کا سراغ لگانے کیلئے جدید ترین اور مہنگی ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جاتی ہے اور متعدد ملک معدنی وسائل ہونے کے باوجود سروے کے خطیر اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے چنانچہ ان معدانی وسائل سے استفادہ کی نوبت ہی نہیں آتی۔
تلاش