پی ٹی آئی سے اتحاد قائم رہے گا‘ شجاعت : نیب کارکردگی میں بہتری کیلئے سیاسی جماعتوں سے بات کرنے پر تیار ہیں : نعیم الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے تحریک انصاف کے سربراہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ارکان قومی اسمبلی، مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی، اعجاز چودھری، سینیٹر کامل علی آغا، صوبائی وزیر محمد رضوان، شافع حسین، سلیم بریار بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح طور پر اعلان کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کا اتحاد نہ صرف قائم رہے گا بلکہ مزید مضبوط ہو گا۔ نعیم الحق نے کہا وزیراعظم ق لیگ سے اتحاد کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، کچھ لوگ ہمارا اتحاد نہیں چاہتے اور افواہیں پھیلاتے ہیں لیکن دونوں جماعتوں میں کوئی ایسا اختلاف نہیں، بعض معاملات پر مو¿قف میں فرق ہو سکتا ہے جس سے اتحاد کمزور نہیں ہو رہا، مجھے عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کے پاس بھیجا ہے کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں یہ اتحاد مزید مضبوط ہونا چاہئے اور ہو گا۔ نیب کی کارکردگی میں بہتری کے لئے سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہیں، بزنس کمیونٹی کی جانب سے شکایات آرہی ہیں نیب چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنگ کر رہا ہے، نیب کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے انہوں نے کہا وفاقی کابینہ میں توسیع پر ق لیگ کو مزید نمائندگی دی جائے گی۔ چودھری شجاعت حسین کے تجربات سے ہم فائدہ اٹھاتے رہیں گے جبکہ سپیکر چودھری پرویزالٰہی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے نعیم الحق کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا انہوں نے جو کچھ کہا وہ با معنی ہے، ہم نے اکٹھے چلنے کا عہد کر رکھا ہے اور انشاءاللہ اکٹھے چلیں گے، افواہیں پھیلانے اور الحاق میں رخنہ ڈالنے والے ناکام رہیں گے، اتحاد قائم رہے گا، عمران خان کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار عمران خان کا انتخاب ہیں جو ان کا احسن فیصلہ ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے، ہم ان کے خلاف کوئی بھی تحریک ناکام بنا دیں گے اور کسی سازش کا ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض بڑے سردار انہیں چھوٹا سردار سمجھتے اور کہتے ہیں ہمارا حق بنتا تھا۔ انہوں نے کہا ہمارا کوئی آدمی حمزہ شہباز یا کسی اور سے نہیں مل رہا اور نہ ہی ہمارا ان کے ساتھ کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ مسلم لیگ ہیں، پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کا اتحاد مضبوط ہے۔اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اتحاد قائم رکھنے کا اعلان کر دیا‘ ہمارا اتحاد مزید مضبوط ہو گا‘ ق لیگ اور تحریک انصاف میں کوئی اختلافات نہیں۔
شجاعت حسین