• news

حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی، ملاقات کا ڈرامہ کیوں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے ملاقات کی خبر پر کہا ہے حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی ہے، پھر آج ملاقات کا ڈرامہ کیوں؟انہوںنے کہا پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا۔ انہوں نے کہا بقول وزیرِ خزانہ حکومت آئی ایم ایف جانے سے پہلے ہی شرائط مان چکی ہے۔ حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی کا بم گرا چکی ہے۔ روپے کی قدر میں پینتیس فیصد سے زائد کمی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پہلے کیاجاچکا ہے۔ آئی ایم ایف پیکج سے پہلے ہی حکومت حج سمیت ہر سبسڈی ختم کرچکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی ؟ قوم کو بتایا جائے اب کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں؟ قوم کو مزید مہنگائی کی کون سی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جاری ہے؟ پارلیمان اور قوم سے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ انداز میں کررہے ہیں۔قوم حکومتی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کے ایک اور طوفان کی تیاری کرے۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن