ماٹی کے مول
ستمبر 1975ء کی اس صبح مکیش ریکارڈنگ کے لئے کچھ جلدی آ گئے تھے۔ اسٹوڈیو میں موجود عملہ نے خیریت پوچھی ، تو بولے شب بھر بے چینی سی رہی اور نیند آنکھوں سے کوسوں دور، اللہ خیر کرے۔ آج انہیں راجکپور کی ذاتی فلم ’’دھرم کرم‘‘ کے لئے مجروح سلطان پوری کا لکھا نغمہ ریکارڈ کرانا تھا۔ جس کے بول ہیں۔
اک دن بک جائے گا ماٹی کے مول
جگ میں رہ جائیں گے پیارے تیرے بول
جسے مکیش نے ڈوب کر گایا، اور اس کے بعد گویا ان کی کائنات ہی بدل گئی۔ بجھے بجھے سے رہنے لگے۔ رات کو نیند ٹوٹ جاتی وار ہڑبڑا کر اٹھتے۔دنیا کی بے ثباتی کا ذکر اکثر کرتے، اور دوست احباب کو بتا دیا کہ اس گانے نے مجھے اتنا ڈپریس کر دیا ہے کہ اور نہیں گا سکوں گا۔ جلد ہی ایک ثقافتی طائفے کے ساتھ امریکہ چلے گئے کہ شاید دل بہل جائے، مگر وہاں سے تابوت لوٹا۔