• news

نوازشریف کی بیماری کا علاج موجود ‘دل کی خواہش پوری نہیں کرسکتے:فیاض چوہان

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے حکومت کے پاس نوازشریف کی دل کی بیماری کا علاج موجود ہے مگر ان کے دل کی خواہش پوری نہیں کرسکتے کیونکہ وہ علاج کے بہانے لندن جانا چاہتے ہیں اور اب یہ کسی بھی صورت ممکن نہیں ہو سکے گا۔ جیل میں نوازشریف بیماری کے بہانے ہسپتال جانے کا کہتے ہیں اور ہسپتال پہنچ کر ان کو جیل کی یاد ستانا شروع ہو جاتی ہے۔ نواز شریف خرابی صحت کا بہانہ بنا کر این آر او مانگ رہے ہیں اور آل شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان ذاتی مفادات کے تحت جھوٹ بول رہے ہیں۔انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف کے دل کے معائنہ کے لئے ایک ماہ میں چار میڈیکل بورڈ تشکیل دیئے مگر آل شریف کی تسلی کبھی بھی ممکن نہیں کیونکہ اب ان کے لئے یوم حساب آ چکا ہے اور وہ کسی بھی بہانے راہ فرار کی تلاش میں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل اور پی ٹی آئی یوتھ ونگ سٹی کے صدر عامر آفریدی کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا پنجاب میں نئی میڈیا پالیسی بنائی جا رہی ہے جس کے تحت ڈی جی پی آر ایسے میڈیا ہاو¿سز کو سرکاری اشتہارات نہیں جاری کرے گا جو صحافیوں اور میڈیا ورکروں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں دو ماہ تک کی تاخیر کرے گا۔ نئی میڈیا پالیسی کی منظوری صوبائی کابینہ ایک ماہ تک دے گی ۔ حکومت کی جانب سے تمام قومی اور مقامی اخبارات کو سرکاری اشتہارات بلاتعطل جاری کئے جا رہے ہیں۔عمران خا ن کی قیادت میں حکومت معاشی بحالی کے لئے شارٹ اور لانگ ٹرم پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جن کے نتائج آئندہ دو سال تک عوام کے سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ حکومت کی گڈ گورننس کی وجہ سے پی آئی اے کے خسارے میں 95 ارب روپے کی کمی آئی تمام معاشی اشاریئے بہتری کی نشاندہی کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا وزیر اعلی عثمان بزدار کا لائن میں لگ کر بورڈنگ کارڈکا حصول اوراپنے خرچے سے عام فلائیٹ سے عمرہ کی سعادت کے لیے ارض مقدس روانگی تبدیلی کی ایک اور زندہ مثال ہے ۔ انہو ں نے کہا گزشتہ دس برسوں سے نام نہاد خادم اعلی بن کر وی وی آئی پی پروٹوکول کے مزے لوٹنے والے شہباز شریف کو خود ہی پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی سے استعفی دے دینا چاہئے۔
فیاض الحسن چوہان

ای پیپر-دی نیشن