اسلام آباد ہائیکورٹ نوازشریف سزا معطلی کی متفرق درخواست پر نیب کو نوٹس آج جواب طلب کر لیا
اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی سے متعلق متفرق درخواست پر قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج (منگل کو )جواب طلب کرلیا۔ پیر کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے نواز شریف کی طرف سے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں احتساب عدالت کی طرف سے سنائی گئی سات سالہ قید کی سزا کے خلاف جنرل گراﺅنڈز پر دائر درخواست ضمانت واپس لینے کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ درخواست گزار کا استحقاق ہے کہ وہ درخواست واپس لے سکتا ہے۔ جبکہ نواز شریف کی سزا معطلی کی دونوں درخواستوں پر عدالت آج (منگل کو) سماعت کرے گی۔نواز شریف کے وکیل خواجہ محمد حارث کی جانب سے دائر درخواست میں مﺅقف اپنا یا گیا تھا کہ ان کے مﺅکل طبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ضمانت کے لئے دائر درخواست کی پیروی کرنا چاہتے ہیں اور ضمانت حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس سے قبل انہوں نے ضمانت کی جو درخواست دی تھی اسے واپس لینا چاہتے ہیں ۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ دونوں درخواستوں کو ایک ساتھ نہیں سنا جا سکتا۔ اس وجہ سے نواز شریف کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی کہ ان کی جانب سے جو پہلی درخواست جو جنرل گراﺅنڈز پر دائر کی گئی تھی وہ اس کو واپس لیتے ہیں اور طبی بنیادوں پر جو درخواست ضمانت دائر کی گئی ہے اس پر پیروی کریں گے ۔ عدالت نے متفرق درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ کسی بھی درخواست گزار کا استحقاق ہے کہ وہ درخواست واپس لے سکتا ہے لیکن اس کے لیئے نیب کو سننا ضرور ی ہے ۔ نیب حکام آج (منگل ) کو نواز شریف کی جانب سے دائر درخواست کے خلاف دلائل دیں گے اور اپنا جواب دیں گے ۔ عدالت نواز شریف کی طبی بنیادوں کی سزا معطلی اور ضمانت کے لیئے دائر درخواست پر آج (منگل ) کو سماعت کرے گی اور فیصلہ کرے گی کہ نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت ملنی ہے یا نہیں ۔
سزا معطلی