کبیروالا: نامعلوم افراد نے میاں بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا
کبیروالا(نامہ نگار) نامعلوم افرادنے میاں بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیل کے مطابق نواحی بستی عاصم آباد کی کھوہ عنائے والا کے رہائشی چونتیس سالہ محمد صدیق ارشاد کو اسکی جواں سالہ بیوی فاخرہ بی بی سمیت نامعلوم سفاک قاتلوں نے تیز دھار آلے سے گردنوں پر وار کرتے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے جبکہ قاتلوں نے مقتولین کے ہمراہ سوئے چار کمسن بچوں کو گزند تک نہ پہنچائی اور نہ ہی گھر سے کوئی سامان چرایا، دوہرے لرزہ خیز بہیمانہ قتل کی خبر علاقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی مہر محمد وسیم دیگر پولیس حکام کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کواٹر روانہ کرتے کاروائی شروع کر دی،اس موقع پر ڈی ایس پی مہر محمد وسیم نے میڈیا کو بتایا کہ پوسٹمارٹم کی ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد ہی کوئی نتیجہ اخذکیا جا سکے گا۔