گوجرانوالہ: پی ایچ اے میگا کرپشن، مفرور ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن نے پی ایچ اے کے میگا کرپشن کیس سکینڈل میں مرکزی مفرور ملزمان ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدیں۔ جعلسازی کے ساتھ سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے تنخواہیں وصول کرنیوالے سابق میڈیکل آفیسر کو گرفتار کر لیا گیا، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد کی ہدایت پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے میگا کرپشن سکینڈل میں اینٹی کرپشن عدالت سے ضمانتیں خارج ہونے پر تین ماہ سے مفرور مرکزی ملزمان ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس احد ڈوگر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد بشیر چٹھہ کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ دوسری طرف ریجنل ڈائریکٹراینٹی کر پشن کو شہری محمد یاسین سکنہ محلہ فیروزآباد ضلع گجرات نے درخواست دیتے موقف اختیار کیا کہ اس کا بیٹا ایمن یاسین جو کہ عزیز بھٹی ہسپتال گجرات میں میڈیکل آفیسر تھا جو کہ نوکری سے برخاست ہونے پر لاہور شفٹ ہوچکا ہے گزشتہ آٹھ ماہ سے ہسپتال کے اکائونٹنٹ اور سپرنٹنڈنٹ سے ملی بھگت کر کے سرکاری خزانے سے تنخواہ وصول کر رہا ہے دوران انکوائری گنہگار ثابت ہونے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد کی ہدایت پر سرکل آفیسر فضل احمد سرا نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کوگرفتار کر لیا۔