مظلوم کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی امداد جاری رکھیں گے: شاہ محمود
اسلام آباد (وائس آف ایشیا) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم باسیوں کے ساتھ اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی امداد جاری رکھے گا، پاکستان افغانستان میں قیام امن کی مشترکہ ذمہ داری کو دوسرے علاقائی اور عالمی شراکت داروں کیساتھ مل کر بطریق احسن سر انجام دے رہا ہے۔ پیر کو وزیر خارجہ مخدوم کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں مشاورتی کونسل برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا جس میں عبدالرزاق داؤد، تہمینہ جنجوعہ شریک ہوئے۔ شاہ محمود قریشی نے سابقہ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کی والدہ کیلئے دعائے مغفرت کی ۔مشاورتی کونسل کے اجلاس میں افغان امن عمل کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کے فروغ سمیت خارجہ پالیسی کے کثیر الجہت پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن کیلئے طاقت کے استعمال کی بجائے، سیاسی مذاکرات کے ذریعے قیام امن کی کوششوں کی حمایت کی ہے،اب ساری دنیا ہمارے نقطہ نظر کی تائید کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔ مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اس اجلاس میں تارکینِ وطن کے ساتھ روابط بڑھانے کے لئے سیاحت، تجارت ،سرمایہ کاری، قانونی امداد اور تعلیم جیسے شعبوں کو بروئے کار لانے پر بھی زور دیا گیا۔