• news

بابر کی پہلی پوزیشن برقرار‘ عماد وسیم ٹاپ 5 بالرز کی فہرست میں شامل

دبئی (آن لائن)بھارتی چائنہ مین سپنر کلدیپ یادو نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے شاداب خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے ،پاکستان کے عماد وسیم بھی ٹاپ5بالرز کی فہرست میں آگئے ہیں جبکہ بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم نے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔24سالہ کلدیپ یادو نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی مقابلے میں 26رنز کے عوض2شکار کیے جس کے بعد وہ اب افغانستان کے راشد خان سے پیچھے دوسری پوزیشن پر موجود ہیں ، پاکستانی لیفٹ آرم سپنر عماد وسیم نے نئی رینکنگ میں 5درجے ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے جب کہ کیوی لیفٹ آرم سپنر مچل سینٹنر 14ویں سے10ویں پوزیشن پرآگئے ہیں،بھارتی لیفٹ آرم سپنر کرونال پانڈیا نے39درجے ترقی کے بعدکیریئر کی بہترین58ویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔بلے بازوں کی فہرست میں روہت شرما 3درجے ترقی کے ساتھ7ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ ان کے اوپننگ پارٹنر شیکھر دھون نے12ویں سے11ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے ۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن(13ویں سے12ویں پوزیشن)،روس ٹیلر(58ویں سے51ویں پوزیشن) اور ٹم سائیفرٹ(170ویں سے83ویں پوزیشن) ترقی پانے والے کیوی بلے باز ہیں جبکہ بالرز میں ٹم ساتھی نے 37ویں سے30ویں پوزیشن پر ترقی پائی ہے ۔پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں 8وکٹیں لینے والے پروٹیز فاسٹ بالر بیرون ہینڈرکس نے رینکنگ میں81ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے جبکہ سیریز میں 6شکار کرنے والے کرس مورس نے28ویں سے21ویں اور 5شکار کرنے والے ایڈائل پھیلکوایو نے38ویں سے23ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے ،بلے بازوں کی فہرست میں نمایاں ترقی پانے والے پروٹیز بیٹسمین فاف ڈوپلیسی(20ویں سے17ویں پوزیشن) اور ریزاہینڈرکس(73ویں سے42ویں پوزیشن) رہے۔پاکستان کے بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں151رنز سکور کرکے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جبکہ حسین طلعت نے سیریز میں98رنز سکور کرکے75ویں سے56ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے ، بالر کی فہرست میں شاہین شاہ آفریدی 28درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین48ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن