• news

آشیانہ کیس: کامران کیانی سمیت 3ملزم اشتہاری قرار

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار) احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکیم کیس میں 3ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا جبکہ شہباز شریف، فواد حسن فواد، احمد خان چیمہ سمیت دیگر ملزموں پر 18فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے 10جنوری کو مفرور ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کے کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ نیب حکام نے بتایا کہ تینوں ملزموں کو متعدد بار طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔ عدالت نے پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر ندیم ضیا، کامران کیانی اور خالد حسین کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے 18 فروری کو طلب کر رکھا ہے۔گذشتہ سماعت پر دائر کئے گئے ضمنی ریفرنس کے مطابق دیگر ملزموں فواد حسن فواد ،احد چیمہ ندیم ضیا، کامران کیانی، شاہد شفیق، بلال قدوائی سمیت دیگر شامل ہیں۔ ضمنی ریفرنس کے مطابق شہباز شریف نے اکتوبر 2014ء اور مارچ 2014ء میں غیر قانونی احکامات جاری کیے، مارچ 2014ء میں شہباز شریف نے آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا دورہ کیا، شہباز شریف نے غیر قانونی حکم دیتے ہوئے پی ایل ڈی سی کا بڈنگ پراسس روکنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب سانحہ ماڈل ٹا ؤن کی نئی بننے جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو آئندہ ہفتے بیان دینے کے لئے لاہور طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور میں ہی عارضی دفتر بنایا ہے۔عینی شاہدین اور ایف آئی آر میں درج افراد سے بیان کے لئے دفتر میں طلب کیا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤ ن کی تصاویر اور ویڈیو بنا نے والے 9 افراد کا بیان قلمبند کر لیا گیا ہے۔عوامی تحریک کے لوگوں کے بیانات کی روشنی میں جے آئی ٹی ہر پہلو سے تصدیق کرے گی۔ایف آئی آر اور استغاثہ میں شامل پولیس اہلکاروں کے بھی بیان قلمبند کیے گئے ہیں۔اس سے قبل سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو بھی جے آئی ٹی نے طلب کیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن