• news

پارلیمنٹ حملہ کیس: مسلسل غیر حاضری پر وزیر اطلاعات خیبر پی کے شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

اسلام آباد(نامہ نگار) انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں مسلسل عدم حاضری پر خیبر پی کے کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ منگل کواسلام آباد میں انسداد دہشتگردی عدالت میں 2014 میں دھرنے کے دوران پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر وزیر اطلاعات خیبر پی کے شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔عدالت نے شوکت یوسفزئی کو گرفتار کر کے28مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا جبکہ تحریک انصاف کے 26 کارکنوں کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر اور شفقت محمود کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواستوں پر آئندہ سماعت پر بحث ہوگی۔عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن