صوبائی پی اے سی میں شامل کیا جائے، آل شریف پر چیک رکھنے والا کوئی تو ہو: فیاض الحسن
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقا فت فیا ض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہر سکول میں سالانہ سپورٹس ڈے لازمی ہونا چاہیے لیکن افسوس کہ ہمارے ملک کے سیاست دان مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بجائے منفی غیر نصابی سرگرمیوں میں ملوث ہو جاتے ہیں انہیں ملک کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ہم نے گزشتہ بیس سال بہت مشکل سے گزارے ہیں۔ ہمیں دہشت گرد کے طور پر پیش کیا گیالیکن ہم پرامن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں اورہم اپنے ملک میں غیر ملکیوں پر سیاہی نہیں پھینکتے۔ہم پاکستانی ہیں اپنے ہمسایوں سے محبت کرتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ ہمسایوں سے کیسا تعلق رکھنا چاہیے۔اب بیس سال بعد عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی کی حکومت میں اچھا وقت آیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی سکول کے سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہبا ز شریف کو خوشی سے پی اے سی کا چئیر مین نہیں بنا یا۔پچھلے پانچ ماہ سے شہباز شریف صاحب، زرداری صاحب اور اپوزیشن کی تمام پارٹیز امور مملکت، امورقومی اسمبلی اور امور پارلیمنٹ چلا نے کو تیار نہیں تھے۔ ان کی یہ شرط تھی کہ ہماری مرضی کے مطابق شہباز شریف صاحب کو پی اے سی کا چیئرمین بنائیں۔ اس صورت حال میں مجبوراً زہر کا گھونٹ پی کر شہباز شریف کوبطورِ چیئرمین قبول کرنا پڑا لیکن انہیں کوئی شرم نہیں آئی۔ پچھلے کئی سالوں سے آل شریف خواجہ آصف کے ذریعے قومی اسمبلی کے فلورپر شرم وحیا کادواخانہ کھولے بیٹھے تھے لیکن جب شرم وحیا کا وقت آیا توآل شریف کی طرف سے اس پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ تحریک انصاف نے آل شریف کو بابر عوان، اعظم سواتی اور عبدالعلیم خان کی صورت میں شرم وحیا کا انجکشن لگانے کی کوشش کی لیکن انہیں کوئی اثر نہیں ہوا۔دودھ کی ہانڈی کامنہ کھلا ہو تو بلی کو خود ہی شرم کر لینی چاہیے۔ شہباز شریف کو خود احساس کرنا چاہیے کہ ان پر اربوں کی کرپشن کا الزام ہے اور اگر کسی حکومتی عہدیدار پر الزام لگ جائے تو اسکااستعفی دینا ہی شرم وحیاکا ثبوت ہوتا ہے۔ص اگر اس بار بھی حمزہ شہباز کی صورت میں ہمیں کڑوی گولی کھانی پڑی توپھر مجھے بھی پی اے سی کا ممبر بنا دیں تا کہ کوئی تو آل شریف پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے والا موجود ہو۔ پنجاب حکومت نواز شریف کے دل کا ہر علاج کرائے گی لیکن انکے دل کی ہر خواہش پوری نہیں کرے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے الحمرا میں ہیلتھ کارڈ اور وائس آف پنجاب کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر مومن آغا، ایڈیشنل سیکرٹری عامر عقیق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان اور تمام آرٹس کونسل کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ اور وائس پنجاب کے حوالے کسی قسم کی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
فیاض الحسن چوہان