• news

مجھے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 دہشتگردوں نے اغوا کیا تھا: علی حیدر گیلانی

ملتان (آن لائن) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ مجھے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6دہشتگردوں نے اغوا کیا تھا۔ افغان طالبان کا میرے اغوا سے کو ئی تعلق نہیں۔ فیصل آباد میں سی ٹی ڈی نے جن دہشتگردوں کو مارا تھا ان کو نہیں جانتا، ان کا میر ے اغوا سے کوئی تعلق نہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستانی طالبان کو فنڈنگ کرتی ہے اور بارود بھی فراہم کر تی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا اغوا کرنے کے بعد انہوں نے مجھے ڈھائی ماہ تک فیصل آباد میں رکھا اس کے بعد مجھے وزیرستان لے گئے جہاں میں 2سال رہا اسکے بعد وہ مجھے افغانستان لے گئے جہاں پر امریکن فورسز نے ایک چھاپے کے دوران مجھے آزاد کرایا۔ مجھے پاکستان میں طالبان کے خلاف ہونے والے آپریشن ضرب عضب اور دوسرے آپریشن اور وزیر اعظم کا بیٹا ہونے کی وجہ سے اغوا کیا گیا تھا جبکہ انہی دنوں اسامہ بن لادن کی بھی ہلاکت ہوئی تھی یہ بھی میرے اغوا کی وجہ بنی۔ را تحریک طالبان پاکستان کو پاکستان میں پاک فوج کی چیک پوسٹوں سمیت دوسرے اداروں پر حملہ کرنے کے لیے فنڈنگ کر تی ہے۔ یہ بات میں نے سابق آرمی چیف راحیل شریف کو بھی بتائی تھی جبکہ ہماری ایجنسیز بھی اس سب سے واقف ہیں۔ فیصل آباد میں سی ٹی ڈی کے ہا تھوں مارے جا نے والے دہشتگردوں کے بارے میں سی ٹی ڈی نے بتایا کہ یہ آپکے اغوا میں ملوث تھے مگر میں نہیں جانتا کہ وہ میرے اغوا میں ملوث تھے یا نہیں سی ٹی ڈی کو اب سمجھ جانا چاہیے آئندہ میرا نام استعال نہیں کرنا جبکہ سانحہ ساہیوال بہت بڑا ظلم ہے بے گناہوں کو درندگی سے مارا گیا اس سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جا ئے کم ہے۔ جنوبی پنجاب میں علیحدہ سیکرٹریٹ کا فیصلہ درست نہیں یوں لگتا ہے جیسے انگریز دور کا واسرائے ملتان آئے گا، جنوبی پنجاب میں بہت محرومی ہے اس کو علیحدہ صوبہ ہونا چاہیے تاکہ یہاں کے لوگوں کی محرومی کا ازالہ ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن