امریکہ کیساتھ تعلقات میں پیشرفت جاری‘ انگلیاں اٹھانے کی بجائے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے : شاہ محمود
اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جرمنی پہنچ گئے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا میونخ میں گلوبل سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے جرمنی روانہ ہو رہا ہوں۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر میں بہت سے ممالک شرکت کرتے ہیں۔ دنیا بھر سے وزرا ء خارجہ، وزراءدفاع، سکیورٹی ماہرین اس کانفرنس میں شرکت کرتے ہیں اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر مستقبل کے لئے ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جاتا ہے۔ میں وہاں پاکستان کی نمائندگی کے لیئے جا رہا ہوں۔ افغانستان پوری دنیا میں اس وقت زیر بحث ہے اس لحاظ سے میونخ میں افغان صدر اشرف غنی بھی تشریف لا رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ایک پینل ڈسکشن میں وہ افغانستان کا نقطہ¿ نظر پیش کریں گے اور میں پاکستان کے نقطہ¿ نظر کو سب کے سامنے رکھوں گا۔ اس کے علاوہ امریکی کانگریس من کا ایک بہت بڑا وفد وہاں آ رہا ہے جن سے وہاں ملاقات متوقع ہے۔انہوں نے کہا امریکہ اور پاکستان کے تعلقات ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکے ہیں۔ میری پہلے دن سے کوشش تھی ان تعلقات کو ازسرنو استوار کیا جائے اور اس میں الحمدللہ پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کے حالیہ بیانات انتہائی مثبت ہیں پاکستان پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے جو کوششیں کر رہا ہے انہیں آج دنیا سراہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا میری خواہش ہے موگیلینی صاحبہ (جو یورپین یونین کے خارجہ امور کی نمائندگی کرتی ہیں) ان سے بھی ملاقات ہو جائے تاکہ ہم پاکستان اور یورپین یونین کے مابین سٹریٹیجک تعاون بڑھانے کے پلان کو حتمی شکل دے سکیں۔
شاہ محمود