• news

پاکستان سپرلیگ 4: ملتان سلطانز آج کراچی کنگز کے مد مقابل

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کاآج کراچی کنگز کے ساتھ جوڑ پڑے گا۔شعیب ملک ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔ ملتان سلطانز کا کل کراچی کنگز کے ساتھ میچ ساڑھے چار بجے شروع ہو گا، کپتان شعیب ملک کو اپنے سلطانز پر مان ہے، جیمز وینس اور آندرے رسل ہلچل مچا دیں گے، شاہد آفریدی کی جاندار انٹری ہو گی جو اپنی سابق ٹیم کراچی کنگز کے خلاف زور بازو دکھائیں گے اور ملتان سلطانز کو فاتحانہ آغاز دلائیں گے۔ دراز قد محمد عرفان پر بھی سب کی نظریں ہیں۔ سلطانز کی تیاریاں مکمل ہیں، بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ فزیکل فٹنس پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ کراچی ٹیم میں ٹی 20 کے نمبر ون بابر اعظم اِن ایکشن ہوں گے، روی بھوپاری اور کولن منرو انٹری کو یادگار بنائیں گے، محمد عامر اور عثمان شنواری کی اپنی جاندار پرفارمنس دکھائیں گے۔ دوسرے روز آج دوسرا مقابلہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شیڈول ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھنے کی دعوت دیدی ہے،پی ایس ایل کا فائنل17مارچ کو نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلا جائے گا۔وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے فی الحال ایسی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ وہ ا س دعوت نامے کو قبول کریں گے یا نہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آئیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کا کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے ساتھ تعلق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں کیونکہ وہ خود بھی ایک کرکٹر رہ چکے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایونٹ کا فائنل دھماکے دار ہونے کی امید ہے اور اگر وزیر اعظم عمران خان میگا ایونٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آئے تو اس سے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ لیگ کی ساکھ پر بھی انتہائی مثبت اثر پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن