پاکستان میںپی ایس ایل میچز کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے پاکستان میں ہونے والے میچز کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پاکستان کے میدانوں لاہور اور کراچی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے آن لائن فروخت کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ میگا ایونٹ کے لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ جبکہ کراچی میں 7،10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹکٹوں کی قیمت پانچ سو سے تین ہزار روپے تک رکھی گئی ہے جبکہ پلے آف میچزاور فائنل کے لئے ٹکٹوں کی فروخت 20 فروری سے شروع کی جائے گی اور ان میچوں کے لئے ٹکٹوں کی قیمت پانچ سو سے آٹھ ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔ تمام میچوں کے 20فی صد ٹکٹس آن لائن فروخت کئے جائیں گے۔ پی سی بی حکام کے مطابق پہلی مرتبہ آن لائن ٹکٹوں کی ہوم ڈلیوری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ بورڈ حکام کے مطابق 25 فروری سے 13شہروں کے 60 مراکز پر تمام میچز کے لئے ٹکٹوں کی براہ راست فروخت شروع کی جائے گی۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کی دلچسپی کے پیش نظر اس مرتبہ ٹکٹوں کی قیمت گذشتہ برس کے مقابلے میں کم رکھی گئی ہے۔