لاہور ‘ کراچی میں میچز کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل فورکے لاہور اور کراچی میں ہونے والے میچز کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا سلسلہ جاری ہے، زندہ دلان لاہور ٹکٹس خریدنے میں کراچی والوں پر سبقت لے گئے۔ قذافی سٹیڈیم میں شیڈول لاہور قلندر کے ابتدائی دو میچز کے پانچ سو اور ایک ہزار والے تمام آن لائن ٹکٹس فروخت ہوگئے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم میں 9مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد کے درمیان لیگ مرحلے کا میچ ہوگا جبکہ دس مارچ کو لاہور قلندر اور ملتان سلطان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ان میچز کے پانچ سو اور ہزار روپے والے ٹکٹس فروخت ہونے کے بعد دو اور تین ہزار والے ٹکٹس آن لائن فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں ابھی تک کسی بھی میچ کے مکمل ٹکٹس فروخت نہیں ہوئے۔کراچی میں سات مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہوگادس مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیٹر کا میچ شیڈول ہے۔ پلے آف میچز اور فائنل کے تکٹس 20 فروری سے آن لائن فروخت کے لئے دستیاب ہوں گے جبکہ 25 فروری سے ٹکٹس مقررہ کردہ سینٹرز پر فروخت کے لئے دستیاب ہوں گے۔