مسئلہ کشمیر حل ہونا ،پاکستان،بھارت کو دہشتگردوں کیخلاف مشترکہ کارروائی کرنی چاہئے:چین
بیجنگ (آئی این پی)چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو خطے میں امن و استحکام کےلئے مشترکہ طور پر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی۔ چین کو پلوامہ حملے میں بھارتی فوجی فورسز کے نقصان پر گہرا دکھ ہے،مذمت کرتے ہیں۔ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، پاکستان اور بھارت مابین دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جانا چاہئے۔ چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان کینگ شوانگ نے ہفتہ کو کہا کہ پاکستان اور بھارت خطے کے دو اہم اور مضبوط ترین ممالک ہیں، ان کے مابین تعلقات بہتر ہونے چاہئیں تا کہ خطے میں امن و استحکام آ سکے۔ پاکستان بھارت خطے کے اہم ممالک ہونے کے ناطے خطے کے امن و استحکام کےلئے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں۔ چین کو امید ہے کہ پاکستان اور بھارت مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کرنے کی حکمت عملی اپنائیں گے۔ چین ہمیشہ امن و استحکام کے حصول کے لئے برسرپیکار رہا ہے۔ تعلقات میں بہتری کےلئے دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہو گا۔ جیش محمد بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1267کے تحت تنظیم پہلے ہی پابند ہے۔ چین اس مسئلے کے ساتھ ذمہ داری سے نمٹے گا، چین تمام فریقین سے اس دہشت گردانہ فعل پر رابطہ رکھے ہوئے ہے۔
چین