سعودی ولی عہد کے استقبال کیلئے آدھی پارلیمنٹ کو مدعو نہیں کیا گیا: نیئر بخاری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ریاست کے مہمان ہیں صرف عمران خان کے نہیں، ریاست کی نمائندگی صرف حکومتی ارکان سے نہیں بلکہ تمام منتخب لوگوں سے ہوتی ہے، سعودی ولی عہد کے استقبال کے لئے آدھی پارلیمنٹ کو مدعو نہیں کیا گیا سیکرٹری جنرل پی پی پی نیر بخاری نے کہا کہ اپوزیشن سے ناراضگی کی قیمت پر قومی وقار کو مجروح کیا جا رہا ہے، پارلیمانی آداب سے نابلد وزیراعظم ظرف سے بھی عاری ہیں۔ اپوزیشن کی غیر موجودگی سے حکمرانوں کی اپنی پوزیشن باعث شرمندگی ہوگی۔ سعودی عرب کے ولی عہد ریاست پاکستان اور پاکستانی عوام کے معزز مہمان ہیں نیر بخاری نے کہا کہ حکومت کا ہر عمل اور اقدام جگ ہنسائی کا باعث ہوتا ہے،نا سمجھ حکمرانوں کو خطے کی گھمبیر صورت حال کا اندازہ نہیں۔ قومی اتحاد کی بجائے تفریق ملک و ملت کے لئے زہر قاتل ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ کم عقل کم فہم حکمرانوں کو ملک کی عزت و توقیر کی کوئی فکر نہیں۔