• news

سندھ نے مخالفین کو ووٹ دئیے ہم نے مختلف شہروں سے 3 ٹرینیں چلائیں : شیخ رشید

حیدرآباد (نامہ نگار) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حیدرآباد ریلوے سٹیشن کی بحالی کے لئے 8 کروڑ روپے دینے اور جلد ہی حیدرآبا سے کراچی کے لئے پہلی بلٹ ٹرین چلانے کا اعلان کیا۔ شیخ رشید احمد ہفتے کے روز حیدرآباد کے ایک روزہ دورے پر بذریعہ ٹرین پہنچے۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کا آغاز حیدرآباد سے کیا جائے گا۔ میری خواہش ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے 8 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر خواتین اور مرد مسافروں کے لئے بہترین قسم کی انتظار گاہوں سمیت بہترین باتھ روم بنائے جائیں، اس حوالے سے رقم خرچ کرنے کے لئے ایک 11 رکنی ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں چیمبر کے دو ارکان شامل ہوں جبکہ رکن قومی اسمبلی کی حیثیت میں ُی ٹی آئی کی نزہت پٹھان کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوچز موجود نہیں ہیں جونہی کوچز دستیاب ہوئیں، حیدرآباد اور کراچی کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر دو ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ جو رقم میں دے رہا ہوں وہ جلد خرچ کی جائے، ہم پنڈی والوں کے پتہ نہیں کہ پیسے کہاں اور کیسے خرچ کئے جائیں۔اس لئے میں یہ ذمہ داری حیدرآباد والوں کے سپرد کر رہا ہوں اور جون سے پہلے چیک کرنے آئوں گا کہ پیسے کہاں اور کس طرح لگائے گئے ہیں۔ حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر اجرک اور ٹوپی کے سٹال بھی ہونے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن