عمران خان حکومت کو بھی کرکٹ کا کھیل سمجھتے ہیں: جاوید ہاشمی
کبیروالا(نامہ نگار)سعودی عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے،حکومت نے کارکردگی کے حوالے سے مایوس کیا ہے ،کارکردگی کی بنیاد پر موجودہ حکمرانوںکے پاس مزید ایک دن بھی ’’اقتدار‘‘ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے ،غلطیوں کے باوجود عمران خان کو مزید وقت ملنا چاہیے ،میاں شہباز شریف کی رہائی عدالتی انصاف ہے ،اس رہائی میں ’’این آر او‘‘ کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہا،ان خیالات کاظہارمسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے پریس کلب کبیروالا کے صدر حفیظ سعیدی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کو ’’این آر او‘‘ کی کوئی ضرورت نہیں ،تاہم دوسری قوتوں کی جانب سے ’’این آر او ‘‘ دینے اور سہولیات فراہم کرنے کی افواہیں تھیں ،میاں شہباز شریف کی رہائی میں ’’این آر او‘‘ کا کوئی کردار نہیں ہے،عدالتوں پر ایک وقت ایسا آجاتا ہے، جب عدالتوں کو محسوس ہوتا ہے کہ دبائو بڑھایا جارہا ہے تووہ پھر انصاف فراہم کرتی ہیں،میاں شہباز شریف کی رہائی میں بھی عدالتی انصاف کارفرما ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی ہسپتال سے جیل واپسی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ میاں برادران ’’این آر او‘‘ لینے کی بجائے جیل جانے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کیلئے ’’حکومت ‘‘ بھی کرکٹ کا کھیل ہے ،وہ اپنا ہر بیانیہ کرکٹ کے بغیر نہیں کرتے ،حتیٰ کہ اقوام عالم کو بھی اپنی پالیسیاں کرکٹ کی زبان میں سمجھاتے ہیں ،وزیر اعظم کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ حکومت کرکٹ کا کھیل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کا وقعہ ایک ایسا سنگین سانحہ ہے ،جس پر ابھی تک پوری رنجیدہ ہے ،معصوم بچی سمیت بے گناہ لوگوں کو بہیمانہ انداز میں مار دیا گیا ہے ،ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بجائے جے آئی ٹی کے ذریعے حقائق گھنائونے انداز میں چھپایا جارہا ہے ،جے آئی ٹی کے نام پر انصاف کا مذاق اڑایا جارہا ہے ، سمجھ نہیںآرہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سانحہ ساہیوال پر کیوں چپ ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ تحصیل کبیروالا کے رہنما چوہدری اسلم شاہد،رانا عابد مصطفیٰ،چوہدری آصف صدیق بھی موجود تھے۔