سانحہ ساہیوال، فریقین کو نوٹس، سینئر سول جج شکیل گورایہ نے کل عدالت پیشی کا حکم دیدیا
ساہیوال(نمائندہ نوائے وقت) سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کیلئے سینئر سول جج شکیل گورایہ کو مقرر کرنے کے بعد تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم خان نے گزشتہ روز سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا تھا۔ سینئر سول جج نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ شکیل گورایہ نے کہا تمام فریق کل 18 فروری کو عدالت میں پیش ہوں۔ہائیکورٹ نے سول جج شکیل گورایہ کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ جوڈیشل انکوائری میں مقدمہ کے مد عی جلیل احمد گواہوں اور عینی شاہدین اور ملزموں کو عدالت نے طلب کر لیا ہے ۔جوڈیشل انکوائری آفیسر کے مطابق سانحہ ساہیوال کے بارے میں مختلف اخبارات میں اشتہارات دئے جائیں ،اعلانات کر وائے جائینگے اور اشتہاری مہم چلائی جائے گی۔پمفلٹس تقسیم کئے جائیں گے تا کہ جو عینی شاہدین گواہان پولیس کو بیان قلمبند نہیں کرا سکے وہ عدالت میں بلا خوف و خطر آکر اپنے بیانات قلمبند کر وائیں۔ کمشن ایک ماہ میں رپورٹ مکمل کر کے کورٹ میں جمع کرائے گا۔ 19 جنوری کو لاہور چو نگی امر سدھو سے شادی کی تقریب میں جانے والی کار نمبر6683/LEAپر فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے مہر خلیل احمد،اس کی بیوی نبیلہ ،13سالہ اریبہ بیٹی اور کار ڈرائیور ذیشان کو سی ٹی ڈی کے سکواڈ نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔20جنوری کو پولیس یوسف والہ نے سی ٹی ڈی اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا تھا۔