• news

عزہ کی صورتحال انسانی المیے کی جانب بڑھ رہی ہے، اسرائیل طاقت کا استعمال بند کرے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک(اے این این )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس نے فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں جاری معاشی بحران اور اسرائیلی پابندیوںکی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کا حل نکالنے پر زور دیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کی فلسطین سے متعلق کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوئٹرس کا کہنا تھا کہ غزہ کا علاقہ مستقبل میں وجود میں آنے والی مجوزہ فلسطینی ریاست کا حصہ ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ کی پٹی کی صورت حال انسانی المیے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ غزہ کے میں بسنے والے دو ملین فلسطینیوں کو باعزت زندگی گذارنے کا حق ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ غزہ کے عوام کو مشکلات سے دوچار کرے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بنیادی انسانی ضرورت کی اشیا کی ترسیل کی اجازت دینے کے ساتھ غزہ کے عوام کو نقل وحرکت کی اجازت دے تاکہ بے روزگاری کے خاتمے اور علاقے میں معاشی بحران کے حل کی راہ ہموار ہوسکے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیل پر زور دیا وہ غزہ میں پرامن مظاہرے کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال سے گریز کرے اور مظاہرین سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ غزہ میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے دوران اسرائیلی فوج کے طاقت کے استعمال سے سینکڑوں فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن