گگومنڈی: کار ٹرک سے ٹکرا گئی، لاہور کے نوجوان سمیت 2 جاں بحق، 3 زخمی
گگو منڈی (نامہ نگار)کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم سے دو نوجوان جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ رات کی تاریکی میں کار سڑک پر کھڑے گنے سے لدے ٹرک کے نیچے گھس گئی، کار ڈرائیور اور ایک ساتھی موقع پر جاں بحق ٹرک ڈرائیور فرار ریسکیو ٹیم نے نعشیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق عمر راشد ولد راشد جمال سکنہ شاہدرہ لاہور اور عثمان ایاز ولد محمد ایاز سکنہ راولپنڈی سیف اللہ ولد عطاء اللہ سکنہ گوجرانوالہ احمد خان سکنہ گجرات محسب علی ولد مظفر خان سکنہ راولپنڈی کرولا کار نمبری 8004/LEHپر سوار وہاڑی سے واپس اسلام آ باد جا رہے تھے جب وہ صبح تین بجے کے قریب نواحی اڈا طفیل آباد پہنچے تو کار سڑک کے درمیان کھڑے گنے سے لدے ٹرک کے نیچے گھس گئی۔ کار ڈرائیور راشد کمال اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھا ہوا عثمان ایاز موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ان کے دیگر ساتھی شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس اور ریسکیو 1122کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو ٹیم نے کار کو ٹرک کے نیچے سے نکال کر متوفیان اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر گگو مندی پہنچایا جبکہ ڈاکٹرز نے شدید زخمی احمد خان ولد ناصر حفیظ کو تشویشناک حالت کے باعث ساہیوال ریفر کر دیا بتایا گیا ہے کہ گنے سے لوڈ ٹرک نمبری 141/MNIسڑک کے درمیان کھڑا تھا اوراس کی پچھلی لائٹیں بھی رات کی تاریکی کے باوجود بند تھیں۔ پولیس نے نا معلوم ٹرک ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر کے ٹرک قبضہ میں لے لیا ہے۔