• news

چین، سعودی عرب، امارات کے تعاون سے پاکستانی معیشت کو آکسیجن ملی: نورالحق قادری

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تعاون کی وجہ سے ہماری معیشت کو آکسیجن ملی ہے۔ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان اور پورے خطہ میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔جب ایم او یوز اور معاہد ے کئے جاتے ہیں تو ان کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوتا ہے تاہم سعودی عرب سے ہونے والے معاہدوں کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ عمران خان کو پوری قوم کا اعتماد حاصل ہے۔ عمران خان نے کفایت شعاری کی روایت قائم کر کے تاریخ رقم کی، کمٹمنٹ، اخلاص اور عزم ہو تو کوئی بھی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، سعودی عرب، ترکی اور چین نے ہمیشہ کشمیر کاز میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے وہ ظلم اور بربریت کی انتہا ہے، تبدیلی اور انقلاب کی طرف کشمیری خود جا رہے ہیں اور یہ سب کشمیر کے اندر سے ہو رہا ہے اور پاکستان کے اندر سے وہاں کچھ بھی نہیں ہو رہا۔ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات، سفارتکاری اور خوشگوار مراسم یہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ یہ ان مسائل کے حل کے لئے ہیں کو امت مسلمہ کو درپیش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پیر نور الحق قادری نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریلیکس ماحول میں آئی ایم ایف کے پاس جانا بھی پڑا تو پھرآئی ایم ایف کی نرم شرائط قوم کو قابل قبول ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن