پاکستان نے بھارت میں تعینات ہائی کمشنر کو مشاورت کیلئے واپس بلا لیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے بھارت میں متعین اپنے ہائی کمشنر سہیل محمود کو مشاورت کیلئے اسلام آباد واپس بلا لیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی پاکستانی ہائی کمشنر کو واپس بلایا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا ’ہم نے بھارت میں اپنے ہائی کمشنر کو مشاورت کے لیے واپس بلایا ہے۔ خیال رہے پلوامہ میں 14 فروری کوبم دھماکے کے نتیجے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارت اور وہاں کے ذرائع ابلاغ نے کسی بھی طرح کی تحقیقات کیے بغیر اس کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا ۔ بھارت پہلے ہی اسلام آباد میں اپنے ہائی کمشنر کو دہلی بلوا چکا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود پاکستان پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر آج سے مشاورت کا سلسلہ شروع کریں گے۔ بھارت، پاکستان کے درمیان موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستانی ہائی کمشنر کو اسلام آباد طلب کیا گیا ہے۔
ہائی کمشنر طلب