سعودی اور پاکستانی تخلیقی اذہان اسلام کا حقیقی پیغام دنیا میں اجاگر کریں: فواد چوہدری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان سے تخلیقی ذہنوں کو مل کر اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،سعودی ولی عہد کے دورے سے ناصرف معاشی اور اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مفادات کیلئے برادرانہ تعلقات بھی مستحکم ہوں گے،سعودی عرب کے ساتھ یہ تعلقات فلم، میڈیا، معلومات، ڈرامہ اور کلچر میں مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں،سعودی عرب میں پاکستانی فلم کی نمائش خوش آئند ہے،سعودی حکومت کو میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہیں۔پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے سعودی ہم منصب ترکی الشبانہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ملکوں کی اطراف سے سینئرافسران بھی شامل تھے۔ملاقات میں اطلاعات، میڈیا،فلم، ڈرامہ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی،دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ فلم اور ڈراموں کے شعبوں میں تعاون کا پوٹینشل موجود ہے دونوں دونوں ممالک اس سے بھرپور استفادہ کریں، ہمارے مذہبی طویل دو طرفہ تعلقات ہمیشہ مشکل وقت میں مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عوام اور سعودی قیادت سے گہری وابستگی اور محبت رکھتے ہیں، فلمیں کسی بھی معاشرے کی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کا زریعہ ہوتی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت اطلاعات پاکستان میں میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے لئے اقدامات کر رہی ہے،میڈیا یونیورسٹی میں سکول آف آرٹ اور ٹیکنالوجی کے اسکول اور شعبے شامل ہوں گے۔ سعودی وزیراطلاعات نے میڈیا یونیورسٹی شروع کرنے کے منصوبے کو سراہا۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پی ٹی وی کے پروگرامز کو سعودی عرب میں نشر کرنے کے لیے سعودی وزیر کا تعاون چاہا۔
فواد چوہدری