پلوامہ واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں‘ بھارتی جارحیت یہ دن لائی: فاروق حیدر
بارسلونا اسپین(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعے سے پاکستان کا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے کشمیریوں پر ہندوستانی بربریت اور جارحیت آخر یہ دن لے آئی ہے۔ بھارت کو سوچنا پڑے گا کہ کب تک وہ ظلم کی چکی چلائے گا۔ حکومت پاکستان کو چاہے کہ وہ فوری طور پرآل پارٹی کانفرنس بلائے جس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری،مولانا فضل الرحمن،سراج الحق، سمیت تمام بڑے لیڈروں کو مدعو کیا جائے اور بھارت سمیت دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دیا جائے کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔کشمیریوں کی تحریک آزادی کے فیصلہ کن مراحل میں ہمیں مکمل یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا اور یہ بات ہمیں ذہین میں رکھنی چاہے کہ ہمارا دشمن تعداد اور وسائل میں ہم سے زیادہ ہے لیکن ہمارا عزم صمیم،ہماری استقامت، ہمارا حوصلہ،ہمارے مقصد کی سچائی، اللہ اور اس کے رسول پر مکمل ایمان اور اتحاد اور جذبہ ایمانی کا مظاہرہ کر کے ہم اْس کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان کی تمام جماعتوں کی قیادت کواکٹھا ہو کر اس بات کا عملی مظاہرہ کرنا چاہے کہ ہماری آواز ایک ہے، اسی طرح پارلیمنٹ سے بھی ایک واضح پالیسی دنیا میں جانی چاہے جس سے دنیا اس مسئلہ کی سنگینی کو محسوس کرے گی اور اپنا کردار ادا کرنے پر مجبور ہو گی۔ وہ بارسلونا(اسپین) میں معروف این جی او’’ ندائے کشمیر‘‘ کے زیر اہتمام’’ یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت بارسلونا میں پاکستان کے قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے کی جبکہ اس تقریب سے ندائے کشمیر کے چیئرمین راجہ مختار خان سونی ، محمد اقبال چوہدری، سوشلسٹ پارٹی اسپین کے خوسے ماریا سالا، راجہ افتخار احمد، راجہ شفیق الرحمن کیانی ،فرانس سے مسلم لیگ ن یورپ کے سیکرٹری جنرل نعیم چوہدری اور دیگر نے خطاب کیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اس تقریب میں سپین کے اند رپاکستانی و کشمیری کیمونٹی کے نمائندہ رہنماؤں ،کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستانی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تصویری نمائش بھی لگائی گئی۔